سعودی فوجی اتحاد

حوثیوں کی جہازوں پر حملوں کی دھمکی کا طاقت سے جواب دیں گے، سعودی فوجی اتحاد کا اعلان

ریاض،نیویارک(انٹرنیشنل نیوز ) سعودی عرب نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودیہ کی سمندری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے۔سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے حوثیوں کی سعودیہ کی سمندری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

بیان میں حوثیوں کے سعودی عرب پر یمنی عوام کا محاصرہ کرنے کے الزام کی مذمت کی گئی او رکہا گیا کہ سعودیہ یمنی عوام اور یمن کی “قانونی” حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔یمن میں سعودی قیادت والے اتحاد نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ آبنائے باب المندب میں اپنے تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے، حوثیوں کی جانب سے جہازوں پر حملوں کی دھمکی کا طاقت سے جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یمن کی حوثی تنظیم انصاراللہ نے سعودی عرب کی بحری ناکا بندی کا اعلان کیا۔ دوسری جانبحوثیوں کی بحیرہ احمر میں ناکہ بندی کی دھمکی پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحیرہ احمر میں بحری ناکہ بندی کی دھمکی پر تشویش ہے۔

انہوں نے کہا یہ واضح طور پر ایک اور اہم بحری گزرگاہ ہے، ہم پہلے ہی آبنائے ہرمز کی بندش کے اثرات اور عالمی معیشت پر اس کے منفی اثرات دیکھ رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بحیرہ احمر میں بھی کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے تو اس کے عالمی تجارت، بحری نقل و حمل اور بین الاقوامی معیشت پر مزید منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں