شیر افضل مروت

8 فروری کو سرپرائز دینے والی پارٹی اپنی موت آپ مر رہی ہے، شیر افضل مروت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ 8 فروری کو سرپرائز دینے والی پارٹی اپنی موت آپ مر رہی ہے۔ شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں نورین نیازی کے حالیہ بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جنگی کامیابی پر ایسا بیان دینا “آ بیل مجھے مار کے مترادف ہے اور اس سے پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی نقصان پہنچ رہا ہے۔

شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ نورین نیازی کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے پارٹی کے خلاف ردعمل پیدا ہوا ہے اور وفاقی وزرا کو بھی پی ٹی آئی پر تنقید کا موقع مل گیا ہے، پارٹی کو اس بیان سے واضح طور پر لاتعلقی اختیار کرنی چاہیے، لیکن ایسا نہ کرنے کی وجہ سے نقصان بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اگر سیاست اور ملکی معاملات پر اظہارِ خیال نہ کریں تو بہتر ہوگا، کیونکہ ان کے ہر لفظ کو پارٹی کا باضابطہ مقف سمجھا جاتا ہے، ایسے حساس معاملات پر غیر ضروری گفتگو سے پارٹی کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بعض فیصلے کیے ہیں جن کی تفصیلات بشری بی بی کے خاندان کے ذریعے سامنے آئیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ ممکن ہے پارٹی مستقبل میں بانی چیئرمین کی بہنوں سے متعلق بھی کوئی پالیسی جاری کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو سرپرائز دینے والی پارٹی اپنی موت آپ مر رہی ہے، پارٹی میں “جھوٹ کی بنیاد پر بیانیہ تشکیل دیا جا رہا ہے، جس سے تنظیم کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں