کراچی (شوبز ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید کیسے مزاج کے مالک ہیں، ساتھی فنکاراؤں نے حالیہ انٹرویو میں بتا دیا۔
نجی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سونیا حسین، ایمان علی، عائشہ عمر اور سارہ لورین نے ہمایوں سعید کے ساتھ بطور مہمان شرکت کی۔میزبان نے ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے حوالے سے سوال کیا۔میزبان کے سوال پر اداکارہ سونیا حسین نے بتایا کہ ہمایوں بہت پرسکون مزاج کے انسان ہیں، اگر سیٹ پر کوئی بدتمیزی کرے تو وہ ہر چیز کو ٹھنڈے مزاج سے سنبھالتے ہیں، یہی چیز انہیں قابل تعریف بناتی ہے۔
اداکارہ و گلوکارہ عائشہ عمر نے انکشاف کیا کہ ہمایوں کو گوسپ کرنا پسند نہیں ہے، وہ کبھی بھی کسی کے بارے میں گپ شپ نہیں کرتے جو کہ ان کی سب سے بڑی خوبیوں میں سے ایک ہے۔سارہ لورین نے بتایا کہ گوکہ انہوں نے ہمایوں سعید کے ساتھ زیادہ کام نہیں کیا ہے لیکن جب بھی کام کیا تو اچھا تجربہ رہا، ہمایوں سعید ساتھی فنکار کے ساتھ بہتر انداز میں پیش آتے ہیں۔
مایہ ناز اداکارہ ایمان علی نے کہا کہ ہمایوں بہت مہمان نواز اور بہترین میزبان ہیں، وہ سب کو اپنے گھر دعوت دینے کے شوقین ہیں اور ہمیشہ بہترین کھانے سے اہتمام کرتے ہیں۔تاہم اداکارہ ایمان علی کی جانب سے بیان کردہ خوبیوں کا سہرا ہمایوں سعید نے اپنی اہلیہ ثمینہ کو دیا۔