عاطف اسلم

عاطف اسلم نے مداحوں کو اپنی نئی البم کی خوشخبری سنا دی

لندن (شوبز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اپنی نئی البم بارے مداحوں کو بڑی خوشخبری سنا دی۔عاطف اسلم نے لندن میں اپنے حالیہ کنسرٹ کے دوران بطور گلوکار اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ کئی برس پہلے کی بات ہے کہ لاہور میں ایک ایسا لڑکا رہتا تھا، جس کے پاس جیب خرچ کے لیے بہت زیادہ پیسے نہیں ہوتے تھے کیونکہ اس کے لیے اس کے دوست بہت اہم تھے۔گلوکار نے بتایا کہ لڑکے کے لیے دوست اہم اس لیے تھے کیونکہ دوستوں نے اس کے لیے بہت قربانیاں دیں، وہ اسے اپنا کھانا دے دیتے تھے، اسے کالج تک بھی چھوڑ دیتے تھے، کون جانتا تھا کہ وہ لڑکا 20 سال بعد لندن کے او 2 ایرینا میں ہو گا؟

انہوں نے کنسرٹ کے دوران اپنی نوجوانی کی کہانی سنانے کے بعد اپنے پہلے البم کی ریلیز میں ساتھ دینے والے تمام لوگوں کے لیے اپنا مشہور گانا جل پری گایا۔عاطف اسلم نے کنسرٹ میں اپنی پرفارمنس کے دوران اپنے چوتھے اسٹوڈیو البم کی ریلیز کا اعلان کر کے مداحوں کو خوش کر دیا۔انہوں نے فی الحال اپنے نئے البم کا نام یا اس کے بارے میں کوئی بھی اور تفصیل نہیں بتائی۔

اپنا تبصرہ لکھیں