لاہور (نمائندہ خصوصی ) سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے الیکشن کرانے پڑیں گے۔
اعتزاز احسن نے لاہور ہائیکورٹ آمد پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کرانے پڑیں گے، پانچ تین کا فیصلہ وہیں رہے گا،اس پر ہر صورت میں عمل کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے ازخود نوٹس آرٹیکل 184کے سب سیکشن 3 کے تحت لیا،پارلیمنٹ کی جانب سے کی گئی قانون سازی کا از خود نوٹس کیس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
سینئر قانون دان کاکہنا تھا کہ یکم مارچ کا عدالتی فیصلہ تین دو کی اکثریتی رائے سے برقرار رہے گا،جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مندو خیل کہہ چکے ہیں کہ یکم مارچ کا فیصلہ دے چکے ہیں۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ یہ منصور علی شاہ کے اختلافی نوٹ کوپارلیمنٹ سے ریگولیٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔