تہران(نیوزڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم عالم اور رہنما تھے، دنیا بھر میں مسلمان انہیں عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے۔ شہباز شریف نے ایرانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہید آیت اللہ علی خامنہ ای نے ثابت قدمی، جرات، صبر اور دوراندیشی کا مظاہرہ کیا، شہید سپریم لیڈر نے انتہائی خلوص اور غیرمتزلزل عزم کے ساتھ ایران کی خدمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان انہیں ایک عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے، ہم ایران ان کی شہادت پر اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے آئے ہیں، شہید لیڈر کے عزیزوں اور ہزاروں ایرانی بہن بھائیوں نے وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ہر حال میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، میں پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔