ملتان(نیوز ڈیسک )ملتان میں شدید گرمی کے باعث گیسٹرو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، 24 گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں 140 افراد گیسٹرو کا شکار ہو کر مختلف ہسپتالوں میں پہنچ گئے۔
نشتر ہسپتال میں گیسٹرو کے 90 مریض رپورٹ ہوئے، جبکہ شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں 22، چلڈرن ہسپتال میں 20 اور ساتھ سٹی ہسپتال میں 8 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈی ایم ایس ایمرجنسی ڈاکٹر ارسلان کا کہنا ہے کہ شہری گوشت اور دیگر غذائی اشیا کو اچھی طرح پکا کر استعمال کریں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث مارکیٹ میں ناقص اور غیر معیاری مشروبات کی فروخت بڑھ گئی ہے، جو گیسٹرو سمیت مختلف بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں۔ ڈاکٹر ارسلان نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ کھانے پینے کے معاملے میں احتیاط برتیں، صاف پانی استعمال کریں اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کریں تاکہ گیسٹرو سے بچا جا سکے