مصطفی کمال

ڈی ریگولیٹڈ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ،حکومت نے فارم کمپنیوں سے جواب طلب کر لیا

اسلام آباد(ہیلتھ نیوز )ڈی ریگولیٹڈ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا، حکومت نے فارم کمپنیوں سے جواب طلب کر لیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ادویات قیمتوں میں کم از کم 76.8 اور زیادہ سے زیادہ 1621 فیصد تک ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

ڈریپ کی جانب سے دواوں کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد اضافہ کرنے والی 37 فارما کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا کہنا ہے قیمتیں بڑھانے والی فارما کمپنیوں کو نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس اظہار وجوہ کے نوٹسز میں کمپنیوں سے قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد اضافے کی وجوہات طلب کی گئی ہیں۔

وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ اظہار وجوہ کے نوٹسز نیشنل اور ملٹی نیشنل دونوں کمپنیوں کو جاری کیے گئے ہیں۔ 37 کمپنیوں سے 92 دواوں کی قیمتوں میں اضافے پر جواب طلب کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ 37 میں سے 12 کمپنیوں نے 35 دواوں کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے جوابات جمع کرا دئیے ہیں، جب کہ 2 فارما کمپنیوں نے نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لئے مزید مہلت مانگ لی ہے۔ذرائع کے مطابق 23 فارما کمپنیوں نے تاحال اظہار وجوہ نوٹسز کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ جس پر ان کمپنیوں کو یاد دہانی نوٹس ارسال کر دیے گئے ہیں۔ تمام فارما کمپنیز کے جوابات ملنے پر آئندہ کا لائحہ عمل طے ہو گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں