لاہور( کامرس ڈیسک) پنجاب حکومت نے مری میں8ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جبکہ برفباری کے دوران چین مافیا کے خلاف کریک ڈائون کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ۔
ریلیف کمشنر پنجاب نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت مری میں برف باری کے بارے میں پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا ۔ اجلاس میںڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید، سیکرٹری ریونیو ، ڈی سی مری ، ریسکیو 1122 سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی سی مری نے مری میں برف باری میں انتظامات بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں،سنٹرل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا اور پی ڈی ایم کے پراونشینل کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے ،ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 ، پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار اضافی تعداد میں تعینات کیے گئے ہیں۔
ریلیف کمشنر نوید حید ر شیرازی نے کہا کہ روڑز پر کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو ،برفباری سے نمٹنے کے لیے گرینڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا جائے،سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مری کے تمام روڑز کی مانیٹرنگ کی جائے،مری میں 8000 سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر کے تمام ادارے کوارڈی نیشن کے عمل کو بہتر بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے ، سیاحوں کے لیے پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے جائیں،تمام محکمہ جات برفباری کے حوالے فوکل پرسن مقرر کریں،ٹورزم سکواڈ کے جوان روڑز پر گشت کو یقینی بنائیں،روڑز پر تعینات افسران اور اہلکاروں کی حاضری چیکنگ کو یقینی بنایا جائے،برفباری سیزن کے دوران ضلع مری میں تعینات افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ نہ کی جائے،مری جانے والے سیاح موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کریں ،ہنگامی صورتحال میں متعلقہ انتظامیہ یا پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔