اتمار بن گویر

اسرائیل ایران کے خلاف اکیلا بھی کارروائی کر سکتا ہے، اتمار بن گویر

تل ایب(انٹرنیشنل نیوز)اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے عندیہ دیا ہے کہ تل ابیب تہران کے خلاف اکیلا بھی کارروائی کر سکتا ہے، اسرائیل لبنان میں جنگ بندی پر راضی نہیں ہو سکتا،پورا لبنان ہمارا کھیل کا میدان بننا چاہیے۔

اسرائیلی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں اتمار بن گویر نے کہا ہے کہ اگر امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ترک کر دے گا تو یہ بڑی سادگی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اس معاملے میں بہت سادہ لوح ہے، وہ یہ توقع رکھتا ہے کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ختم کر دے گا اور اسرائیل کے خلاف مبینہ عزائم سے دستبردار ہو جائے گا۔بن گویر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایرانی خطرے کا مقابلہ کرے اور اگر ضرورت پڑے تو اکیلے ہی کارروائی کرے۔

انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر نے یہ بھی کہا کہ حالات اسرائیل کو اس بات پر مجبور نہیں کر سکتے کہ وہ کسی دوست ملک کی ہدایات کے مطابق چلے، چاہے وہ دوست کتنا ہی اہم کیوں نہ ہو۔گویر نے لبنان میں جنگ بندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا لبنان ہمارا کھیل کا میدان بننا چاہیے، پورا لبنان ہمارا ہدف ہونا چاہیے۔ اسرائیل لبنان میں جنگ بندی پر راضی نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک سچے دوست ہیں، ہمیں ان کے ساتھ شائستگی سے پیش آنا چاہیے اور انہیں گلے بھی لگانا چاہیے، لیکن ہمیں انہیں یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ہم لبنان میں جنگ بندی پر راضی نہیں ہو سکتے۔انتہا پسند اسرائیلی وزیر نے لبنان پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کے بارے میں مزید کہا کہ فیصلے کرنے والے ہم ہیں اور ہمارے فوجیوں کے لیے اچھے نتائج ہیں۔انہوں نے لبنان اور حزب اللہ کے درمیان تفریق کو بھی مسترد کر دیا اور کہا کہ اسرائیل کو اپنی فوجی مہم کو وسیع کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں