اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں آسمانی بجلی، چھتیں گرنے اور بارش سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی،پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں آسمانی بجلی ،چھتیں گرنے کے 15واقعات رپورٹ ہوئے،
بارش کے باعث مختلف حادثات میں13افراد جاں بحق،23زخمی ہوئے،پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عمران قریشی کا کہنا ہے کہ صوبائی کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے،ملک بھر میں شدید بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے باعث بچوں سمیت 9 افراد جان کی بازی ہار گئے،ملک بھرمیں شدید بارشیں جاری ہیں جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں،
ضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ، ظفر ووال میں میں بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گر گئی ، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات موضع رتن پور، چانگو والی، قانگوئی میں پیش آئے،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے باعث دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے
۔اس دوران 4 افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے،دوسری جانب شیخوپورہ میں بھی آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 2افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا، حکام کے مطابق واقعات منڈیالہ گاوں اور چک شاہ پور میں رونما ہوئے۔