چوہدری شجاعت حسین

ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا’ چوہدری شجاعت حسین

لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے علماء کرام،مشائخ عظام اور پارٹی رہنماؤں کی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال،امن وامان اور قومی یک جہتی کے امور پرتبادلہ خیال ہوا ۔

اس موقع پر ملک کی ترقی،سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ علماء کرام اور پارٹی رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ علماء اور پارٹی رہنماؤں نے چوہدری شجاعت حسین کی سیاسی اور قومی خدمات کو ذبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مفتی محمد عثمان افضل قادری کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین نے جمہوریت کے فروغ اور ملکی استحکام کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔وہ اعلیٰ سیاسی بصیرت کے حامل مدبر سیاست دان ہیں۔علماکرام کا کہنا تھا کہ ان کی رواداری،برداشت اور عوامی خدمت کی سیاست مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔

سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہے۔ اتحاد کی قوت اور مربوط کاوشوں سے ہی ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط قوّت بنایا جاسکتا ہے اتحاد ،برداشت اور قومی یک جہتی سے ملک ترقی اور خوشحالی کی منزل پائے گا پرامن معاشرے کے قیام کیلئے علماء اور مشائخ کا کلیدی کردار ہے اس لئے علماء اور مشائخ امن، رواداری اور بھائی چارے کے جزبات کے فروغ کیلئے اپنا موثر کردار جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادتِ مشرق وسطی میں قیام امن اور عالمی امن کیلئے لائق تحسین کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی امن کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ملک بنایا اور یہی جماعت اسے مضبوط معاشی قوت بھی بنائے گی پارٹی راہنما عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کی خدمت کے لئے دن رات ایک کردیں۔

صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف میں کی گئی اصلاحات بارے بتایا اور کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات اور مساجد کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام جاری ہے اربوں روپے کی لاگت مزارات اور مساجد میں بہتری لائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لئے بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔محکمہ اوقاف کے امور میں شفافیت لانے کیلئے اس کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی جاری ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں علماء اور مشائخ کو پُرامن معاشرے کے قیام کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے۔

ملاقات کرنے والوں میں سجادہ نشین نیک آباد موڑاریاں شریف گجرات مفتی محمد عثمان افضل قادری،سجادہ نشین سید میراں حسین زنجانی،سجادہ نشین شاہ عنایت قادری میاں محمد حماد عارف اور دیگر شامل تھے۔ جبکہ ملاقات کرنے والے سیاسی رہنماؤں میں سینئیر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب سردار انس خان قصوری، پارٹی راہنماگوہر شہزاد،شیخ شہزاد اور دیگر شامل تھے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں