مدینہ منورہ ( سپورٹس ڈیسک) رمضان کے بابرکت ماہ میں سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کر لی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ثانیہ مرزا نے گزشتہ دنوں مدینہ منورہ سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ وہ اپنے بیٹے اذہان، والدین، بہن اور بہنوئی کے ہمراہ ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔تاہم اب گزشتہ روز ٹینس اسٹار نے خانہ کعبہ سے انسٹااسٹوریز شیئر کرتے ہوئے عمرے کی ادائیگی کا اعلان کیا اور لکھا کہ لبیک اللھم لبیک، الحمداللہ ۔
ان اسٹوریز میں ان کے ساتھ اذہان مرزا ملک کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں وہ اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک، والدین ، بہن اور بہنوئی کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔ثانیہ نے ویڈیو کے کیپشن میں عمرہ ادائیگی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ یہاں بہترین وقت گزرا، اللہ ہمیں بار بار بلائے انشااللہ، ہر چیز کے لیے الحمداللہ، یا رب تیرا شکر ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں انہوں نے مدینہ منورہ اور کوہ احد سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعا کی اپیل کی تھی کہ اللہ ان کی عبادات قبول فرمائے۔