اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے جب قوم یکجا ہو جاتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی، معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا ، پاکستان نے اپنا حق دفاع استعمال کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا متوازن اور فیصلہ کن جواب دیا، عوام ، افواج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں،مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر امن ممکن نہیں،پاکستان خطے میں امن کے فروغ کےلئے پرعزم ، قومی سلامتی کو لاحق ہرخطرے کا جواب پوری قوت سے دیا جائےگا۔۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ائیر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا آج ہماری قومی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے، یہ محض کیلنڈرکی ایک تاریخ نہیں بلکہ جرات، اتحاد و غیرمتزلزل عزم کی داستان ہے، پاکستانی قوم کو متحد ہونے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتاہوں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا عوام، مسلح افواج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جب قوم یکجا ہو جاتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی، معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنا حق دفاع استعمال کرتے ہوئے جارحیت کا متوازن اور فیصلہ کن جواب دیا، بھارتی جنگی طیاروں سمیت مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ وہ اپنی خودمختاری پرکبھی سمجھوتا نہیں کرےگا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا فعال سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا موقف بھر پور انداز میں پیش کیا، گزشتہ سال بھارت نے جارحیت مسلط کی، پاکستان نے ضبط وتحمل کا مظاہرہ کیا، کشمیر سمیت بنیادی تنازعات کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں، مسئلہ کشمیرکاحل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کےلئے پرعزم ہے، قومی سلامتی کو لاحق ہرخطرے کا جواب پوری قوت سے دیا جائےگا اور اپنی سالمیت پرسمجھوتہ نہیں کیا جائےگا، ہرجارحیت کاجواب پوری قوت سے دیا جائےگا، پاکستان معیشت،تعلیم سمیت دیگرشعبوں میں بھی مضبوط ہوگا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کیلئے بھرپورکرداراداکررہا ہے۔