وزیر داخلہ

معرکہ حق میں اللہ کی مدد سے پاکستان کو کامیابی ملی ، فیلڈ مارشل کو اللہ کی خصوصی مدد حاصل ہے،محسن نقوی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں اللہ کی مدد سے پاکستان کو کامیابی ملی جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اللہ کی خصوصی مدد حاصل ہے، پاکستان کے جوابی اقدامات کے بعد انڈیا کو سفید جھنڈا لہرانا پڑا اور جنگ بندی کی اپیل کرنا پڑی، پاکستانی نوجوانوں نے سائبر حملوں کو بھی کامیابی سے ناکام بنایا،یہ سب اس نوعیت کی جنگ میں پہلی بار ہوا، قومی میڈیا نے بہترین کارکردگی دکھائی اور پوری قوم کو متحد رکھا، جبکہ انڈین میڈیا مسلسل دبا اور انتشار کا شکار رہا،معرکہ حق میں اہم ٹارگٹس ہمارے نشانے پر تھے، ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں نے جو کیا میں تو خود حیران تھا، ایسے معلومات آ رہی تھیں جیسے اپنا ملک ہو، امریکی صدر نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا معرکہ حق میں اللہ تعالی کی مدد سے پاکستان کو کامیابی ملی، ملک بھر میں معرکہ حق سے متعلق تقریبات ہورہی ہیں۔ان کا کہنا تھا بھارت نے چھوٹے اور درمیانے سائز کے ڈرون ہمارے مختلف علاقوں میں بھیجے، بھارتی ڈرون تھوڑی تعداد میں پاکستان پہنچے، اکثر ڈرونز کو بارڈر پر ہماری رینجرز نے تباہ کیا، بھارت کی کوشش تھی کہ سائبر حملے کرے، لیکن سائبر حملوں میں بھارت ہمارے نزدیک بھی نہیں آتا تھا۔وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ بھارت نے ہماری تقریبا 100 کے قریب پوسٹوں پر اس وقت حملہ کیا تھا، اور اللہ کا شکر ہے کہ ان کو اسی طرح کا جواب ملا جس کے وہ مستحق تھے، آپ کے سامنے وہ تصویریں بھی موجود ہیں جن میں انہیں ایل او سی پر خود سفید جھنڈا لہرانا پڑا کہ اب بس کر دیں۔وزیر داخلہ کے مطابق سائبر اٹیک کی بھی انہوں نے کوشش کی کہ کہیں نہ کہیں کامیاب ہو جائیں، یہ وہ ساری چیزیں ہیں جو جنگوں میں نئے طریقوں سے استعمال ہوتی ہیں، جو عام جنگ سے بالکل مختلف ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ سائبر حملوں میں وہ ہم تک پہنچ نہیں سکے،جو ہمارے نوجوانوں نے ان کے ساتھ کیا، وہ بہتر وہی بتا سکتے ہیں کیونکہ ان کا کوئی نظام ایسا نہیں تھا جو محفوظ رہ گیا ہو۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے میڈیا نے اس معاملے کو بہترین انداز میں پیش کیا، جس پر میں سب سے زیادہ تعریف کروں گا کہ انہوں نے پورے ملک میں اتحاد اور ایک آواز پیدا کی، پاکستان میں اس سے پہلے ایسی مثال نہیں ملتی، دوسری طرف بھارتی میڈیا مسلسل کنفیوژن کا شکار رہا، اور آپ کو یاد ہوگا کہ انہوں نے خود ہی اپنے اوپر حملے کی خبریں پھیلا دیں، جبکہ ہم بار بار کہہ رہے تھے کہ ابھی ہم نے کوئی حملہ نہیں کیا، جب کریں گے تو بتا کر کریں گے، چھپ کر نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا، یہ بتانا ضروری ہے کہ ہم نے معرکہ حق میں کیا کیا، پاکستان بھارت جنگ میں ڈرونز کا استعمال بہت تواتر سے ہوا جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کے گھر کے اوپر ہمارے ڈرون گھومتے رہے جس سے بھارتی خوف میں مبتلا تھے، ہمارا ٹارگٹ بھارتی سویلین شہری نہیں تھے جبکہ انہوں نے ہماری سول آبادی کو نشانہ بنایا، ہمارے رینجرز بارڈر کے بالکل ساتھ موجود تھے،بھارت کو سفید جھنڈے لہرانے پڑے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا بھارت سے جنگ میں پاکستانی میڈیا کا کردار قابل تعریف رہا، ہمارے میڈیا نے ایک پیغام کے ذریعے پوری قوم کو اکٹھا کیا، معرکہ حق میں پاکستانی میڈیا کے کردار کی بھی کوئی مثال نہیں ملتی جبکہ بھارتی میڈیا مسلسل کنفیوژ تھا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا فیلڈ مارشل کو اللہ کی خصوصی مدد حاصل ہے، میں نے جس جس ملک میں جو جو ہوتے دیکھا پھر کبھی بتاﺅں گا لیکن یہ اللہ کا فیلڈ مارشل پر خاص کرم ہے، اس وقت ہماری افواج نے کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا بھارت نے جنگ بندی سے قبل ہماری بیس پر حملہ کیا تھا، ہم نے آخر میں بہت تنگ جگہ پر حملہ کیا لیکن ان کا سب سے بڑا آئل ڈیپو تباہ ہوا، درجنوں ایسی چیزیں ہوئیں کہ انسان سوچتا ہے یہ ممکن کیسے ہو سکتا تھا؟ بھارت کے بڑے ٹارگٹس ہمارے نشانے پر تھے، ان کے جہاز، ان کی بحری تنصیبات ہمارے نشانے پر تھیں، تبھی بھارت جنگ بندی کرانے پہنچا۔

سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا ہم اپنی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بات نہیں کرتے جو بروقت کردار ادا نہ کرتے تو یہ ممکن نہ ہوتا، ہماری دونوں انٹیلی جنس ایجنسیوں پر لوگ تنقید کرتے ہیں لیکن آپریشن بنیان مرصوص میں ان کا مرکزی کردار تھا، اگر آپ کو پہلے سے پتا ہو کہ کیا ہونے والا ہے تو تیاری مکمل ہوتی ہے، ہمیں بھارت سے ہر تفصیل ایسے آ رہی تھی جیسے وہ ہمارا اپنا ملک ہو، ہماری خفیہ ایجنسیوں نے جو کیا اس پر تو میں خود حیران تھا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا پاک بھارت جنگ کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا، معرکہ حق میں بھارت کو اتنا نقصان پہنچا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف مزید کوئی مہم جوئی کرنے سے پہلے کئی بار سوچے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا میں نے امریکا ایران معاملات کو ٹوٹتے جڑتے دیکھا ہے، امریکا ایران جنگ بندی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں پر بھروسہ رکھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں