واشنگٹن،تہران(انٹرنیشنل نیوز )امریکی فوج نے ایران کے خلاف مسلسل نویں رات حملے مکمل کرلے ، جس میں میزائل و ڈرون لانچ سائٹس کونشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے جبکہ ایران نے جواب میں شام، اردن، بحرن اور کویت میں امریکی اہداف کو نشانہ بنایا ہے ،ایرانی حکام نے امریکی حملوں میں کم از کم ایک شخص کے جاںبحق اور اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
عالمی میڈیارپورٹس کے مطا بق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف مسلسل نویں رات جاری رہنے والے حملوں کا کامیابی سے اختتام کردیا ہے ۔سینٹکام کے مطابق امریکی فورسز نے ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاع اور ساحلی نگرانی کے مقامات، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا۔بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔
امریکی فوج کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر ایران کو جواب دہ ٹھہرا رہی ہے۔ سینٹکام کی فورسز بدستور انتہائی چوکس، اپنے مشن پر مرکوز، مہلک کارروائی کے لیے تیار اور مکمل طور پر مستعد ہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید کہا ہے کہ ایران پر عائد بحری ناکہ بندی کے دوران امریکی افواج نے 6 تجارتی جہازوں کا رخ تبدیل کروا دیا جبکہ ایک اور تجارتی جہاز کو روک دیا گیا۔سینٹ کام کے بیان کے مطابق یہ اقدامات بحری راستوں کے تحفظ اور خطے میں جاری فوجی کارروائیوں کے دوران تجارتی جہاز رانی کو درپیش خطرات کے پیش نظر کیے گئے۔امریکی حکام نے اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں کہ جہازوں کا رخ کیوں تبدیل کیا گیا یا انہیں کس مقام پر روکا گیا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم نے آج رات ایران پر شدید حملہ کیا، ایران پر یہ حملہ امریکیوں کو مارنے کا ردعمل ہے۔فٹبال ورلڈ کپ فائنل کے بعد واشنگٹن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ فوجیوں کی ہلاکتوں پر ہمیں بہت افسوس ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ جو فوجی مارے گئے وہ اس مقصدکےلئے لڑ رہے تھے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرسکے، ہلاک ہونے والے امریکیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کےلئے ایران پر بہت سخت حملے کر رہے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی ایران کے شہر چابہار میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ۔ سیرک، ہرمزگان ، بوشہر اور کوناراک میں بھی حملوں کی اطلاعات ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ہونے والے امریکی حملوں میں اب تک کم از کم ایک شخص کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان کے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے ذمہ دار محکمے کا کہنا ہے کہ شمال مغربی ایران میں امریکی حملوں کے نتیجے میں ایک شخص جاںبحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔محکمے کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب تقریبا 2 بج کر 35 منٹ پر تبریز کے جنوب مغرب میں واقع ایک فوجی علاقے پر امریکی حملے میں ایک شخص جاںبحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر مغربی آذربائیجان کے محکمہ کرائسس مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل حامد سفری کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح ارومیہ کے ضلع سلوانا کے قریب ایک مقام کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ایرانی ذرائع ابلاغ نے حامد سفری کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ایران کے صوبہ بوشہر کے گورنر محمد مظفری کا کہنا ہے کہ کچھ دیر قبل ایرانی شہر بوشہر پر دو مرتبہ حملہ کیا گیا۔تاہم ان کا کہنا ہے کہ اب تک اس حملے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔یہ حملہ امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے ایران پر حملوں کے نویں مرحلے کی تکمیل کے کئی گھنٹوں بعد ہوا ہے۔حملے کے بارے میں تاحال مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔دوسری جانب ایران نے امریکا کی مسلسل نویں رات بمباری کے جواب میں شام، اردن، بحرن اور کویت میں امریکی اہداف کو نشانے پر لے لیا۔پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اردن میں امریکی اڈے پر حملے میں بھاری نقصان پہنچایا، اردن کے علاقے الارزق میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گیا، حملے میں امریکی فوج کے سی 17 ٹرانسپورٹ اور پی 8 کمانڈ اینڈ کنٹرول طیارے کو ہدف بنایا گیا۔پاسداران انقلاب نے کہا کہ اردن کے عوام اور فوجی اہلکاروں کی جانب سے فراہم کی گئی مبینہ انٹیلی جنس معلومات پر شکر گزار ہیں، معلومات کی بنیاد پر الازرق امریکی فوج کے زیر استعمال 20 گوداموں کو تباہ کیا گیا، حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔بحرین اور کویت میں بھی خطرے کے سائرن گونجتے رہے ہیں، بحرین میں امریکی سفارت خانے نے منامہ میں ایرانی حملے سے محتاط رہنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے 2 آئل ٹینکر بھی دھماکے سے تباہ ہوگئے۔شام کے علاقے التنف میں دشمن کے کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا ہے، کمانڈ سینٹر پر حملہ شہید فوجیوں کے خون کا بدلہ ہے۔بحرین کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب فضائی حملوں کے سائرن بج اٹھے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ پرسکون رہیں اور محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔بحرین جہاں امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ موجود ہے، حالیہ دنوں کے دوران ایرانی حملوں کا نشانہ بنا ہے جبکہ اس کے حکام کی جانب سے ایران پر شہری مقامات کو نشانہ بنانے کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکی حملوں کے بعد ایران بحرین کے دارالحکومت منامہ میں کچھ مقامات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ امریکی شہری محتاط رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔پاسدران انقلاب نے کہا کہ کویت میں امریکی ارلی وارننگ ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک اور حملے میں کویت کے علی السالم ائیر بیس پر موجود آلات اور طیاروں کے پرزہ جات کے ہینگر کو نشانہ بنایا گیا جبکہ MQ-9 ڈرون بیس پر بھی حملہ کر کے متعدد ڈرونز کو تباہ کردیا۔بیان کے مطابق یہ کارروائیاں ایرانی سرزمین پر امریکی حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ طانوی میری ٹائم ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ عمان کے شمال مغرب میں جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع ہے۔