ویب ڈیسک
بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ کے میلبورن میں ہونے والے کنسرٹ میں تاخیر سے پہنچنے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے، اور اب منتظمین نے ان کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
کنسرٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ نیہا ککڑ کے دیر سے پہنچنے کی وجہ سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ گلوکارہ نے الٹا ان پر غیر پیشہ ورانہ رویے کا الزام لگا دیا۔ نیہا ککڑ نے دعویٰ کیا تھا کہ منتظمین ان کے واجبات لے کر غائب ہو گئے، لیکن منتظمین نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام ثبوتوں کے ساتھ حقیقت سامنے لائیں گے۔
منتظمین کے مطابق، نیہا ککڑ کنسرٹ میں تین گھنٹے دیر سے پہنچیں، جس سے حاضرین ناراض ہو گئے، اور بعد میں انہوں نے سوشل میڈیا پر منتظمین پر الزامات لگا دیے۔
منتظمین نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نیہا ککڑ کے لیے تمام ضروری انتظامات، بشمول لگژری گاڑیاں اور فائیو اسٹار ہوٹل، مکمل کر رکھے تھے۔ انہوں نے ان اخراجات کی تفصیلات بھی شیئر کی ہیں، جن کی مالیت 4.25 کروڑ روپے تک بتائی جا رہی ہے۔