پشاور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ گھڑی چوری چوری کہنے والی مریم نواز خود پائن ایپل چور نکلی ہے۔
توشہ خانہ کیس کے حوالے سے ویڈیو بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ توشہ خانہ کیس دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا، توشہ خانہ کی رٹ لگانے والی مریم حقیقت سامنے آنے پر قوم سے معافی مانگے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کامیاب ریلی نے پی ڈی ایم کے لیڈروں اور حکمرانوں کے اوسان خطا کر دیے ہیں، خیبر پختو نخوا ہمیشہ عمران خان کا مضبوط قلعہ ثابت ہوا ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو ان کی بہادری اور حق کا ساتھ دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،
اتوار کو لاہور میں تحریک انصاف کا جلسہ ملک کی جمہوریت کے لی سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مقدمات بنا کر عمران خان کو راستے سے ہٹانے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی، عمران خان پاکستان کی آخری امید ہے ان کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ن لیگی اعلی عدلیہ کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔