اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی پاکستان میں در اندازی کی کوششیں ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے ۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے مہمند اور شمالی وزیر ستان میں خارجیوں کی افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوششیں ناکام بنانے اور 13خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسروں و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا ہر جوان وطن عزیز کی حفاظت کیلئے دن رات مصروف عمل ہے۔ ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
٭٭٭٭٭