لاہور(ہیلتھ ٍڈیسک)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز نے مریضوں کے لئے ایک بڑا اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے ایم آر آئی اور سی ٹی سکین ٹیسٹ کروانے کی سہولت کو 24گھنٹے مہیا کرنے کا اعلان کر دیا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ای ڈی "پنز” پروفیسر آصف بشیر کا کہنا تھا کہ اس ادارے میں مریضوں کو علاج معالجے اور دماغی امراض کے لئے ضروری ٹیسٹ کروانے کی تمام سہولتیں حکومتی پالیسی کے مطابق دی جارہی ہیں اور اب یہ صوبے بھر کا پہلا پبلک سیکٹر ہسپتال بن گیا ہے جہاں مریضوں کو سی ٹی سکین اور ایم آر آئی جیسے جدید ٹیسٹ کیلئے پرائیویٹ مارکیٹ میں نہیں جانا پڑے گا اور ادارہ 24 گھنٹے ان ٹیسٹوں کی سہولت مہیا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مریضوں کو ذہنی و مالی بوجھ سے نجات کے ساتھ ساتھ اُن کا کسی تاخیر کے بغیر بر وقت علاج شروع کرنا آسان ہو جائے گا۔ پروفیسر آصف بشیر نے مزید کہا کہ پی آئی این ایس دماغی امراض کے لئے پنجاب ہی نہیں اس خطے کا سب سے بڑا ہسپتال ہے جہاں پیچیدہ سے پیچیدہ امراض کے حامل لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں دی جاتی ہیں اور یہاں دماغی امراض کے لئے بہترین مشینری کے ساتھ ساتھ قابل اور تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم بھی سرگرم ہے جو اس ادارے کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے میں مدد کرتی ہے۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے مریضوں کو مزید سہولت ملے گی اور اُن کے لئے اپنی مشکلات کم کرنا آسان ہو جائے گا۔
٭٭٭