لاہور( کامرس ڈیسک)مرکزی کریانہ ایسوسی ایشن نے حکومت سے رات ساڑھے آٹھ بجے کاروبار بند کرنے کے فیصلے میں پرچون دکانداروں کو استثنیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرچون کے کاروبار کا توانائی کے استعمال میں حکومت پر کوئی بوجھ نہیں ، امید ہے کہ حکومت ہمارے مطالبے پر مثبت رد عمل ظاہر کر کے ہزاروںخاندانوںکے معاشی قتل سے گریز کرے گی۔
حکومت کی جانب سے کاروبار رات ساڑھے آٹھ بجے بند کرنے کے فیصلے کے حوالے سے مرکزی کریانہ ایسوسی ایشن لاہور کے جنرل سیکرٹری طاہر ثقلین بٹ کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔اجلاس میں چیئرمین رانا منظور، صدر حافظ عارف،سینئر نائب صدور شیخ ریاض،صفدر بھٹی سمیت لاہور کے مختلف علاقوںکے عہدیداروںنے شرکت کی ۔
طاہر ثقلین بٹ نے کہا کہ پرچون دکاندار بڑی مارکیٹوں کی طرح توانائی ضائع کرنے کا سبب نہیںبلکہ پرچون دکانوںمیں زیادہ سے ایک سے دو بلب جلتے ہیں ، پرچون دکانوںمیں ائیر کنڈیشنڈ اور نہ ہی ہیٹر چلتے ہیں اس لئے اس شعبے کی بجلی کھپت نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ایسے لوگ بھی ہیں جو سرکاری اور نجی دفاتر میں نوکری کرنے کے بعد پرچون دکانیں چلا کر اپنے گھر کے اخراجات پورے کر تے ہیں ۔
ہم حکومت سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ پرچون دکانداروں کو اس فیصلے سے استثنیٰ دیا جائے کیونکہ روزانہ اجرت پرکام کرنے والا طبقہ بھی رات کے وقت آ کر بچوں کے لئے راشن خریدتا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر حکومت ہمارے مطالبے کو زیر غور نہ لائی تو احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔