اسٹیٹ بینک

مئی میں ترسیلات زر میں اضافے سے پاکستان کا کرنٹ اکاﺅ نٹ سرپلس ہوگیا

اسلام آباد(کامرس ڈیسک ) درآمدات میں کمی اور ترسیلات زرمیں اضافے سے پاکستان کا کرنٹ اکاﺅنٹ سرپلس ہوگیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مئی میں پاکستان کرنٹ اکاﺅ نٹ 45 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، اپریل میں ملک کا کرنٹ اکاﺅ نٹ 27 کروڑ60لاکھ ڈالرخسارے میں تھا۔

رپورٹ کے مطابق اپریل سے قبل ملکی کرنٹ اکاﺅ نٹ مسلسل تین ماہ سرپلس رہا تھا۔ رواں مالی سال کے11ماہ میں کرنٹ اکاﺅ نٹ 25کروڑ50لاکھ ڈالرسرپلس رہا۔ معاشی ماہرین کے مطابق درآمدات میں کمی اور ترسیلات زرمیں اضافے سے ملکی کرنٹ اکاﺅ نٹ سرپلس ہوا۔پاکستان نے مئی میں 5.6 ارب ڈالرکا مال دنیا سے خریدا جبکہ دنیا کو 2.3 ارب ڈالر کا مال بیچا۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق 11 مہینوں میں ایکسپورٹس 29.75 ارب ڈالر رہیں، مئی کی ریکارڈ 4.2 ارب ڈالر کی ورکرز ترسیلات بہتری کا سبب ہے، 11 مہینوں کی ورکرز ترسیلات 38 ارب ڈالر رہیں۔واضح رہے کہ مئی 2026 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 4 ارب 30 کروڑ امریکی ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات وطن بھیجیں، جو کسی بھی ایک مہینے میں موصول ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مئی میں ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 20.2 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 15.4 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں