ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنوں نے کہا ہے کہ عوامی شخصیت ہوں تو یہ مطلب نہیں آپ ہر جگہ کیمرا اور مائیک لے آئیں۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ نے فوٹوگرافرز کے بارے میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ جان بوجھ کر تنگ کرتے ہیں، اس کا احساس مجھے کچھ وقت بعد ہوا۔انہوں نے کہا آپ تصور کریں کہ آپ اپنی گاڑی میں بیٹھ گئے ہیں اور کچھ لوگ گاڑی کا دروازہ پکڑے کھڑے ہیں اور آپ کے منہ پر کیمرا لا رہے ہیں، کیا آپ کو یہ ٹھیک لگے گا؟۔
انہوں نے کہا کہ یہ حرکت ذاتیات میں مداخلت کے زمرے میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے خاتون ہو یا مرد، کیا کسی کا ایسا کرنا کیا آپ کو مناسب لگے گا؟۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی محافظین کے بغیر گھومتی ہوں، اس وجہ سے آپ کو اتنی آزادی ہے کہ آپ اپنے کیمرے اور مائیک منہ کے سامنے کردیتے ہیں اور مجھے ایک عام انسان کے جتنا فاصلہ نہیں دیتے صرف اس لئے کہ میں ایک عوامی شخصیت ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سونے پر سہاگہ یہ ہے کہ میڈیا ہیڈلائنز لگاتا ہے میں ضدی ہوں، اگر میں ایک عام آدمی کے جتنے فاصلے کا تقاضا کر رہی ہوں اور آپ اس بات پر مجھے ضدی کہہ رہے ہیں تو پلیز کہتے رہئے، لیکن میں صرف اس لئے لگی لپٹی نہیں رہ سکتی کہ میرے سامنے کیمرا ہے۔