لاہور(نمائندہ خصوصی)سی ٹی ڈی پنجاب کی صوبہ بھر میں کارروائی، 11دہشت گرد گرفتار،، دھماکہ خیز مواد ، اسلحہ ودیگر سازوسامان برآمد
کائونٹرٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی ) نے صوبے بھر میں کارروائی کر کے لاہور سمیت دیگر شہروں سے 11دہشت گرد گرفتار کر لئے۔
ترجمان کے مطابق ان دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ، داعش اورٹی ٹی پی سے ہے،دہشت گردو ں کیخلاف لاہور،بہاولپور،گوجرانوالہ ، راولپنڈی اور ساہیوال میں 10مقدمات درج کر لئے، ،دہشت گردی کی لعنت سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی پنجاب نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے پنجاب بھر میں وسیع پیمانے پر مختلف اضلاع میں 29آئی بی اوز کئے ہیں،جس میں 29 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، ان آئی بی اوزکے دوران11 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جن کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا، جن میںٹی ٹی پی سے مہتاب ولد مشال خان ،اے ایس ڈبلیو جے سے محمد طارق ولد عبدالغفار، داعش سے گل اعظم ولد حاجی مفتی ،ٹی ٹی پی سے محمد معاویہ خان ولد محمد ظفر خان ،ٹی ٹی پی سے عماد علی ولد ظفر اللہ ،ٹی ٹی پی سے ابوبکر ولد اورنگزیب ،محمد عاصم ولد مبارک شاہ ٹی ٹی پی سے ،محمد طلحہ رشید ولد محمد رشید از ایس ایس پی/لیج،نعمان وارث ولد محمد وارث ٹی ٹی پی/القاعدہ سے ،ٹی ٹی پی سے جبار خان ولد ظہیر اللہ اورتحریک طالبان پاکستان سے محمد عمر ولد غلام شبیر شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ان گرفتار دہشت گرد افراد کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 1390 گرام، ہینڈ گرنیڈ 03، آئی ای ڈی بم 02، ڈیٹونیٹر 11، سیفٹی فیوز وائر 17.8 فٹ، پرائما کارڈ 02، پمفلٹ 38، اسٹیکرز 69، میگزین 05، اسٹیکرز 11، ممنوعہ کتابیں 04، موبائل فون اور نقدی بر آمد کر لی گئی۔ مزید برآں اس ہفتے کے دوران مقامی پولیس نے LEAs (ایل ای ایز )کی مدد سے 268 کومبنگ آپریشنز کئے ، ان کومبنگ آپریشنز کے دوران13651افراد کو چیک کیا گیا، جن میں100 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 76 ایف آئی آر درج کی گئیں جبکہ 42 بازیابیاں کی گئیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں شہری کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر کال کریں۔