نارووال(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے تاریخی مکہ مشترکہ معاہدے نے دشمنوں کی نیندیں اڑا دی ہیں اور دشمن ملک کے میڈیا میں اس پیش رفت پر ماتم برپا ہے۔
نڈالہ سلہریاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف پاکستان کو تاریخی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں تو دوسری جانب ملک میں اچانک شور، انتشار، دھرنوں اور لانگ مارچ کی باتیں کی جا رہی ہیں، جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت امن اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے تاکہ سیکورٹی ادارے پوری توجہ کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی کے لیے کام کر سکیں۔
ہندوستان روایتی جنگ میں ناکامی کے بعد غیر ر وایتی طریقوں سے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور دہشت گردی و اندرونی انتشار کے ذریعے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں فساد اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے عزائم کو پہچانیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کہا کہ مضبوط معیشت، ترقی اور روشن مستقبل کے لیے ملک میں امن، اتحاد اور سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔