کراچی ( کورٹ رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس جنید غفار نے 35 سرکاری محکموں میں 90 ہزار سرکاری ملازمتوں سے متعلق ہونے والے ٹیسٹ روکنے کے لیے ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس کو ارسال کردیا ۔
سندھ ہائیکورٹ میں 35 سرکاری محکموں میں 90 ہزار سرکاری ملازمتوں سے متعلق ہونے والے ٹیسٹ روکنے کے لیے ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم وکیل طارق منصور ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ سرکاری محکموں میں 90 ہزار سرکاری ملازمتوں پر بھرتیاں ہونے جا رہی ہیں۔ سرکاری محکموں کی ان بھرتیوں میں شہری سندھ کو محروم کیا جا رہا ہے۔ من پسند بھرتیاں کرکے اصل حق داروں کو متاثر کیا جا رہا ہے۔
کل ہونے والے ٹیسٹ پر حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ کل ٹیسٹ ہو رہے ہیں، فوری درخواست کی سماعت سنی جائے۔ جسٹس محمد جنید غفار نے درخواست کی سماعت سے معذوری ظاہر کردی۔ جسٹس محمد جنید غفار نے ریمارکس دیئے کہ درخواست سول بینچ کے روبرو لگوائیں، یہ عدالت ٹیکس میٹر دیکھ رہی ہے۔ عدالت نے درخواست کی سماعت کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو ارسال کردیا۔