لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس اے میں دن دہاڑے سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون کو زبردستی کار میں ڈال کر اغوا کر لیا گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں دو افراد کو مہوش نامی خاتون کو زبردستی گاڑی میں دھکیلتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق اغوا کے بعد ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ تھانہ ڈیفنس اے کے ایس ایچ او خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ مقدمہ مغویہ کے بھائی امین کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، اغوا کی واردات میں خاتون کے سابق شوہر فیاض کا ہاتھ ہے، جس نے اپنے ساتھی ایوب اور ایک نامعلوم شخص کے ساتھ مل کر یہ اقدام کیا۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ مہوش کو چھ ماہ قبل طلاق ہو چکی تھی۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق، مغویہ کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور شواہد کی بنیاد پر جلد کامیابی کی امید ہے۔ ایس ایچ او خرم شہزاد کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو فوٹیج اور دیگر شواہد کی روشنی میں بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اہم سراغ فراہم کیا ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔