ملتان (کامرس رپورٹر )ملتان الیکٹرک پاور کمپنی(میپکو)نے گزشتہ دو برسوں کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا اربوں روپے کا خسارہ ختم کرکے منافع بخش کمپنی بن گئی ہے۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق میپکو نے وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں نمایاں مالیاتی ٹرن ارانڈ حاصل کیا ہے۔ کمپنی نے گزشتہ دو سالوں کے دوران 34 ارب 95 کروڑ روپے کا خسارہ کم کیا۔جس کے بعد وہ 36 ارب روپے کے مجموعی خسارے سے نکل کر 1 ارب 5 کروڑ روپے کا منافع کمانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ اس طرح دو برسوں میں میپکو کا مجموعی ٹرن ارانڈ 37 ارب روپے سے زائد رہا۔
اس کامیابی کی بنیادی وجہ کمپنی کے لائن لاسز میں نمایاں کمی اور ریکوری کی شرح میں اضافہ ہے۔ میپکو کے لائن لاسز 15.2 فیصد سے کم ہو کر 11.9 فیصد پر آ گئے ہیں، جبکہ بجلی کے بلوں کی ریکوری کی شرح 98.6 فیصد سے بڑھ کر 100.8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ موثر بلنگ، بجلی چوری کی روک تھام، جامع اصلاحات، سخت نگرانی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے میپکو کی مالی کارکردگی میں یہ نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس عمل میں آزاد اور خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز، آٹومیشن اور شفافیت پر مبنی نگرانی نے کلیدی کردار ادا کیا۔