پاکستان

ملک کے بیرونی قرضوں میں 3 ماہ میں 1242 ارب روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ

اسلا م آباد(کامرس ڈیسک)پاکستان کے بیرونی قرضوں میں کمی کے بعد ایک بار پھر اضافہ شروع ہوگیا ۔سرکاری دستاویز کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق صرف 3 ماہ کے دوران ملک کے بیرونی قرضوں میں 1242 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

دستاویز کے مطابق اسی عرصے میں حکومت کے مجموعی قرضوں میں 3112 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد حکومت کے ملکی مجموعی قرضے 59 ہزار 441 ارب روپے تک پہنچ گئے۔مارچ 2026 سے جون 2026 کے دوران حکومت کے ملکی قرضوں میں 1870 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دستاویز کے مطابق مارچ 2026 تک پاکستان کا مجموعی بیرونی قرض 22 ہزار 958 ارب روپے تھا جو جون 2026 تک بڑھ کر 24 ہزار 200 ارب روپے تک پہنچ گیا۔اس سے قبل 2026 کے پہلے 3 ماہ میں بیرونی قرضوں میں 207 ارب روپے کمی کی گئی تھی جبکہ جون 2025 سے مارچ 2026 تک بیرونی قرضوں میں 458 ارب روپے تک کمی ہوئی تھی۔

دستاویز کے مطابق مارچ سے جون 2026 کے دوران طویل مدتی بیرونی قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا، مارچ 2026 میں پاکستان کے طویل مدتی بیرونی قرضے 19 ہزار 720 ارب روپے تھے جو جون 2026 تک بڑھ کر 21 ہزار 768 ارب روپے تک پہنچ گئے۔دوسری جانب قلیل مدتی بیرونی قرضے 3 ماہ کے دوران 506 ارب روپے کم ہو گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں