لاہور (کامرس ڈیسک) لیسکو نے اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی بجائے ایک بار پھر عام سٹیٹک سنگل فیز میٹرز کی خریداری کا فیصلہ کر لیا ہے،کمپنی نے چار لاکھ سنگل فیز سٹیٹک میٹرز خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔
لیسکو کی جانب سے تقریبا ایک ارب ستر کروڑ روپے کی لاگت سے یہ میٹرز خریدے جائیں گے، جس کے لیے خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل لیسکو نے سٹیٹک میٹرز پر پابندی عائد کرتے ہوئے بجلی چوری اور اووربلنگ کی روک تھام کے لیے اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ شروع کیا تھا، سنگل فیز اے ایم آئی سمارٹ میٹر کی قیمت 17 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی۔
وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس خان لغاری بھی متعدد بار سمارٹ میٹرز منصوبے کو بجلی کے نظام میں بہتری کے حوالے سے اہم اقدام قرار دے چکے ہیں۔ تاہم اب لیسکو کی جانب سے دوبارہ سٹیٹک میٹرز کی خریداری کے فیصلے نے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔