ویب ڈیسک :تلنگانہ کے ضلع کومرم بھیم آصف آباد میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں گمنور گاؤں کے رہائشی سوریا دیو نامی نوجوان نے ایک ہی تقریب میں دو لڑکیوں سے شادی کر لی۔
سوریا دیو کا کہنا ہے کہ وہ لال دیوی اور جھلکاری دیوی دونوں سے محبت کرتا تھا، اسی لیے اس نے دونوں سے بیک وقت شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سوریا دیو نے اپنی شادی کے دعوت نامے پر بھی دونوں دلہنوں کے نام چھپوائے اور ایک شاندار تقریب منعقد کی، جس میں رشتے داروں اور گاؤں والوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
شادی کی ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں دلہنیں دلہے کا ہاتھ تھامے منڈپ میں آگ کے گرد پھیرے لے رہی ہیں، جبکہ پس منظر میں ڈھول کی تھاپ گونج رہی ہے اور مہمان جوش و خروش سے تقریب میں شریک ہیں۔