لاہور(نمائندہ خصوصی)سینئر سیاستدان اور سابق رکن قومی اسمبلی فواد چودھری نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ فارمولا وفاق کے لئے ناقابل عمل ہے اور اٹھارویں ترمیم میں ترامیم لازمی ہیں۔
ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام نے سینیٹ میں اہم ترین اتفاق رائے کیا ہے، کمیٹی میں دونوں جماعتوں نے پاکستان میں ڈویژن کو صوبوں کا درجہ دینے کی حمایت کی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کیلئے اس سے اہم انتظامی اصلاح کوئی نہیں ،اگر آپ نے صوبے رکھنے ہیں تو ڈویژن کو سب سٹیٹ بنا دیں اور صوبائی اسمبلیاں ڈویژن پر لے جائیں،این ایف سی ایوارڈ فارمولا وفاق کے لئے ناقابل عمل ہے اور اٹھارویں ترمیم میں ترامیم لازمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے قرضوں پر ملک نہیں چلایا جا سکتا ،بڑی انتظامی اور معاشی اصلاحات لازم ہیں ، (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی بھی اس پر اتفاق کریں۔