واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک )امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے اسلام آباد میں دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکا ایران مذاکرات اگلے ہفتے اسلام آباد میں بحال ہو سکتے ہیں۔
دی وال اسٹریٹ جرنل نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا کہ دونوں فریق ثالثی کردار ادا کرنے والوں کے ساتھ مل کر ایک ایک صفحے پر مشتمل 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں، جس میں ایک ماہ پر محیط مذاکرات کا فریم ورک طے کیا جائے گا، جن کا مقصد جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسودے میں ایران کے جوہری پروگرام، آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کو کسی تیسرے ملک منتقل کرنے جیسے معاملات پر گفتگو شامل ہے۔
تاہم اہم مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔رپورٹ کے مطابق پابندیوں میں نرمی کی حد تاحال بحث کا موضوع ہے اور یہی نکتہ مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ اگر بات چیت میں پیش رفت ہوتی ہے تو فریقین کی باہمی رضامندی سے ابتدائی ایک ماہ کی مدت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔