لاہور(کامرس ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما،فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہاہے کہ تجربہ کار حکمرانوںکے دور میں روٹی 25 اور نان 35 کا ہونے جارہا ہے ،
مہنگائی نے 75 سالہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، 20لاکھ افراد بیروزگار ہو چکے ہیں اور خدشدہ ہے کہ یہ تعداد50لاکھ تک پہنچ جائے گی ، سردیوں میں گیس کے ساتھ ساتھ بجلی کی بھی لوڈشیڈنگ ہو رہی لیکن حکمران دن رات سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان کا مسئلہ صرف معاشی نہیں سیاسی بھی ہے،پاکستان میں آج جو مسائل پیدا ہو رہے ہیں اس کی وجہ معاشی و سیاسی عدم استحکام ہے،اگر عوامی امنگوں کو رد کر کے کوئی لانگ ٹرم نگران سیٹ اپ بٹھایا بھی گیا تو یہ تجربہ بھی ناکام ہوگا،جو تجربے اس ملک کے ساتھ کیے گئے ہیں اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، ہماری برآمدات کم ہو رہی ہیں ،20 لاکھ سے زائد بیروزگار ہوگئے ہیں جب خدشہ ہے کہ یہ تعداد50لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
انہوںنے کہاکہنواز شریف اور شہباز شریف نے 2013 سے 18 کے عرصے میںمہنگے ترین پاور پلانٹس لگائے اور ایسے معاہدے کیے جن کا خمیازہ پاکستان کو مسلسل بھگتنا پڑ رہا ہے،ہمارا سرکلر ڈیٹ مسلسل بڑھ رہا ہے اور اب آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ بجلی مزید 31 روپے فی یونٹ مہنگی کی جائے جو کہ پہلے ہی عام آدمی کی پہنچ سے باہر اور صنعتوں کی بندش کا باعث بن رہی ہے،یہ ہیں وہ بارودی سرنگیں جو اسحاق ڈار اور نواز شریف نے پاکستان کے لیے بچھائیں۔
٭٭