اسلام آباد (نیوز رپورٹر)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یومِ پاکستان ہمیں اس وعدے کی تجدید کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
23 مارچ یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ اور خودمختار ریاست کے قیام کا عہد کیا تھا۔ قراردادِ پاکستان نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک مشترکہ منزل کی جانب گامزن کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت اور علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں ہمیں اس ملک کو ایک جدید، جمہوری، ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنی ہوں گی۔ جمہوریت کا استحکام، آئین و قانون کی بالادستی، قومی یکجہتی ، اداروں کی مضبوطی ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ کنا کہنا تھا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں، تمام تر اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ملکی ترقی و استحکام کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ ہمیں پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا اللہ تعالی ہمارے پیارے وطن کو ہمیشہ امن و استحکام عطا کرے، اسے ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچائے۔ دریں اثنا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی یوم پاکستان 23 مارچ کے موقع پر کا خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمارے قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ 23 مارچ 1940 وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ خودمختار ریاست کے قیام کے لیے اپنے عزم کا اعلان کیا۔ قراردادِ پاکستان صرف ایک مطالبہ نہیں بلکہ ایک خواب کی تعبیر کا پہلا قدم تھا، جو بعد میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں 14 اگست 1947 کو حقیقت میں بدلا۔
یہ دن ہمیں ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں، جدوجہد اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ہمیں ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا تحفہ دیا۔ا نہوں نے کہا آج ہمیں نہ صرف ان قربانیوں کو یاد رکھنا ہے بلکہ اپنے ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے۔پاکستان کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ہمیں قومی یکجہتی، بھائی چارے اور رواداری کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا اور تعلیم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھ کر ملک کو ایک جدید اور خوشحال ریاست بنانا ہوگا۔
میں بطور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، پوری قوم کو یومِ پاکستان کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی ہمارے وطن کو ہمیشہ سلامت رکھے، اسے ترقی و خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں اس کے استحکام کے لیے مزید محنت کرنے کی توفیق دے۔









