گھی، آئل

گھی، کوکنگ آئل اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد،پشاور(کامرس ڈیسک) ملک بھر میں روزمرہ استعمال کی اہم اشیاءگھی، کوکنگ آئل اور آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہریوں کے گھریلو بجٹ پر مزید دباو بڑھ گیا ہے مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے بنیادی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں تازہ اضافہ نئی پریشانی بن گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق درجہ اول گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 3 روپے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی نئی قیمت 598 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ۔ اسی طرح سن فلاور کوکنگ آئل کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 618 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سن فلاور آئل کی یہ قیمت حالیہ دنوں میں بلند ترین سطح پر شمار کی جا رہی ہے، جس کے باعث عام صارفین کے لیے معیاری کوکنگ آئل خریدنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔

ادھر پشاور میں ایک دن میں آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہو گیا جہاں مکس آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 300 روپے بڑھ گئی۔ آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق 20 کلو مکس آٹے کا تھیلا 2300 روپے سے بڑھ کر 2600 روپے کا ہوگیا ہے۔فائن آٹے کی قیمت میں بھی 200 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 2700 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب سے گندم کی سپلائی پر پابندی کے باعث مارکیٹ میں قلت پیدا ہو رہی ہے، ایسوسی ایشن کے مطابق اگر صورتحال برقرار رہی تو اسٹاک میں مزید کمی کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔شہریوں نے قیمتوں میں اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں