بالی ووڈ اسٹار اور سابق مس یونیورس سشمیتا سین نے نہ صرف فواد خان کی بھارتی سینما میں واپسی کی حمایت کی ہے بلکہ پاکستانی فلم میں کام کرنے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا۔
سشمیتا سین نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فن اور کھیل کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، تخلیقی اظہار صرف آزادی میں پروان چڑھتا ہے۔ فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اچھی فلم کا انتخاب کرتی ہیں، چاہے وہ کسی بھی ملک کی ہو۔
فواد خان نو سال بعد کسی بھارتی فلم میں جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں، جہاں کچھ حلقوں کی جانب سے مخالفت کی جا رہی ہے، وہیں سنی دیول، امیشا پٹیل اور اب سشمیتا سین جیسے فنکار ان کے حق میں آواز بلند کر چکے ہیں۔