لاہور(کامرس ڈیسک) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عام آدمی کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے لئے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی کی بلند شرح نے زندگی اجیرن کر رکھی ہے، ایسے میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور پیٹرولیم پر وصول کی جانے والی لیوی میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام کی قوتِ خرید تیزی سے جواب دے رہی ہے جس کے باعث نہ صرف گھریلو بجٹ متاثر ہو رہے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی سست روی کا شکار ہیں۔یہ صورتحال برقرار رہی تو اس کے معیشت پر مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
٭٭٭٭٭












