لاہور(کامرس ڈیسک )پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (پی اے سی آر اے )نے بینک آف پنجاب کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ AA+ سے بڑھا کر AAA کر دی جبکہ قلیل مدتی ریٹنگ A1+ برقرار رکھی گئی ہے اور بینک کا آﺅ ٹ لک مستحکم قرار دیا گیاہے ۔رپورٹ کے مطابق اس کامیابی کے ساتھ بینک آف پنجاب پاکستان کا پہلا اور واحد صوبائی بینک بن گیاہے، جس نے ملک کی سب سے اعلی کریڈٹ ریٹنگ حاصل کی ہے۔
یہ کامیابی بینک میں جمع شدہ رقوم میں مسلسل اضافے ، منافع میں نمایاں بہتری اور موثر رسک مینجمنٹ کی بدولت ممکن ہوئی ہے ۔اعدادو شمار بھی اس کامیابی کی تصدیق کرتے ہیں۔ سال 2025 میں بینک آف پنجاب کے ڈپازٹس 2 کھرب روپے سے تجاوز کر گئے، جبکہ کریڈٹ لاس الاﺅنس سے پہلے آپریٹنگ منافع تقریبا دو گنا ہو کر 40.7 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 98.5 فیصد زیادہ ہے۔
اس کی بنیادی وجہ کم لاگت پر زیادہ ڈپازٹس حاصل کرنا، فنڈز کی لاگت میں کمی ، بنیادی آمدنی میں اضافہ، اخراجات پر موثر کنٹرول اور محتاط رسک مینجمنٹ رہی۔بینک آف پنجاب کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر مسعود نے کہا کہ ٹرپل اے صرف ایک ریٹنگ نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پیشہ وارانہ مہارت، نظم وضبط اور مضبوط بینکاری سے کیا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ہم نے ایک ایسا مضبوط تجارتی ادارہ بنایا ہے جو اپنے شیئر ہولڈرز کیلئے پائیدار قدر پیدا کرتا ہے جبکہ مالی شمولیت، ذمہ دار بینکاری اور پنجاب و پاکستان کی ترقی کے اپنے عزم پر بھی قائم ہے۔
ظفر مسعود نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ہمارے لوگوں کی کامیابی ہے، ہم حکومت پنجاب، اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز، صارفین، ریگولیٹرز، شیئر ہولڈرز اور بالخصوص وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے شکرگزار ہیں، جنہوں ے بینک آف پنجاب اور اس کی باصلاحیت ٹیم پر اعتماد کیا، ہمارے ملازمین کی پیشہ وارنہ مہارت، محنت اور لگن نے اس کامیابی کو ممکن بنایا اور ہم اسی جذبے کے ساتھ آگے بھی عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے بہترین نتائج دیتے رہیں گے۔
بینک آف پنجاب ذمہ دارانہ ترقی، مضبوط مالی بنیاد، صافین پرمرکوز ڈیجیٹل جدت، مالی شمولیت اور تمام شراکت داروں کیلئے دیر پا قدر پیدا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتاہے۔ بینک آف پنجاب پاکستان میں ایس ایم ای فنانسنگ، زرعی قرضوں، کم لاگت ہاﺅسنگ ، خواتین کاروباری افراد کی مالی معاونت، کریڈٹ کارڈز کے اجرا اور ڈیجیٹل قرض فراہم کرنے کے شعبوں میں نمایاں اور سرفہرست ہے ۔