گڈز ٹرانسپورٹ الائنس

ٹرانسپورٹرز تیار رہیں، کسی بھی وقت ملک گیر ہڑتال کی کال دے دیں گے،صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس

کراچی (کامرس ڈیسک )صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز تیار رہیں کسی بھی وقت ہڑتال کی کال دے سکتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے سے ہماری ٹرانسپورٹ کھڑی ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات ہمیں مجبور کر رہے ہیں کہ ہم ملک گیر ہڑتال پر چلے جائیں۔

حکومت نے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی نہ کی تو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی وقت ملک گیر ہڑتال کی کال دی جا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹرانسپورٹر دشمن فیصلے کر رہی ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتیں گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دے رہیں، اس صورتحال میں چیمبرز اور فیڈریشنز اپنا کردار ادا کریں۔ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کا دارومدار ڈیزل پر ہے، ڈیزل کی قیمت میں کمی کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹول ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ بھی واپس لیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں