کے الیکٹرک

وفاقی حکومت کی پروٹیکٹڈ کیٹیگری کی مروجہ شرائط و ضوابط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ترجمان کے الیکٹرک

کراچی(کامرس ڈیسک)کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے سوشل میڈیا پر صارفین کو بجلی کے بلوں کے حوالے سے گمراہ کرنے والے مبینہ نوٹس کی تردید کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کیا ہے ۔کے الیکٹرک نے اس افواہ کو مسترد کرتے ہوئے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسی سنسنی خیز اور غیر مصدقہ معلومات پر کان دھرنے کے بجائے صرف سرکاری ذرائع پر یقین کریں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق وفاقی حکومت کی پروٹیکٹڈ کیٹیگری کی مروجہ شرائط و ضوابط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ اگر کوئی نان ٹی او یو یعنی بغیر ٹائم آف یوز میٹر والا صارف کسی ایک مہینے میں 200 یونٹس کی حد پار کر بھی جائے، تو اس کا پروٹیکٹڈ اسٹیٹس ہمیشہ کے لیے ختم نہیں ہوتا۔ بلکہ اگر وہ صارف بعد میں دوبارہ مسلسل 6 ماہ تک اپنے ماہانہ یونٹس کا استعمال 200 یا اس سے کم رکھے، تو سرکاری پالیسی کے تحت اس کا پروٹیکٹڈ اسٹیٹس اور سستی بجلی کی سہولت خودبخود دوبارہ بحال ہو جاتی ہے۔

ترجمان نے صارفین پر زور دیا ہے کہ بجلی کے بلوں، ٹیرف، یا پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے متعلق کسی بھی قسم کے نوٹس یا خبر پر عمل کرنے سے پہلے کے الیکٹرک کے قریبی کسٹمر کیئر سینٹر، 118 ہیلپ لائن یا آفیشل سوشل میڈیا ہینڈلز سے تصدیق ضرور کریں۔صارفین کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ ڈیجیٹل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی افواہوں سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کی ذہنی پریشانی یا زائد بلنگ کے خوف سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں