دیہی خواتین

وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر دیہی خواتین میں مفت مویشیوں کی فراہمی کا آغاز

لاہور(کامرس رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر دیہی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کےلئے مفت مویشیوں کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ، پہلے مرحلے میں پنجاب کے 13 اضلاع کی مستحق دیہی خواتین میں پالتو جانور تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

پروگرام کے تحت ڈی جی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، لیہ، کوٹ ادو، ملتان، رحیم یار خان، تونسہ، بہاولنگر، خانیوال اور وہاڑی سمیت دیگر اضلاع کی دیہی خواتین کو مفت مویشی فراہم کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس سکیم کے لئے مطلقہ اور بیوہ دیہی خواتین کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ اہلیت کےلئے عمر کی حد 55 سال مقرر کی گئی ہے، درخواست گزار خواتین کی مطلقہ یا بیوہ حیثیت کی تصدیق پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی سے کروانا لازمی ہوگی۔

واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران کسی بھی سرکاری سکیم کے تحت مویشی حاصل کرنے والی خواتین دوبارہ اس پروگرام سے مستفید نہیں ہو سکیں گی۔ مویشیوں کے حصول کے لیے درخواست گزاروں کی سہولت کےلئے قریبی ویٹرنری ہسپتالوں اور شفاخانہ حیوانات پر وزیراعلی سہولت ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں، جہاں خواتین کو رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہا ہے کہ دیہی خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کر کے ہی غربت جیسے چیلنجز کا موثر مقابلہ کیا جا سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین کے لیے پائیدار لائیو سٹاک روزگار کے مواقع پیدا کر کے انہیں مالی طور پر خودمختار بنایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں