راولپنڈی (تعلیم ڈیسک):کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ناصر محمود اعوان نے کہا ہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر انتظام پہلا سالانہ امتحان میٹرک اور انٹرمیڈیٹ 2023 کو فول پروف اور ہر لحاظ سے صاف شفاف بنانے کے لئے چند انتہائی اہم نوعیت کے فیصلے کئے گئے ہیں.
جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تمام سپرنٹینڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اور نگرانوں کے ریکارڈ کی چھان بین کے لئے لسٹیں مرتب کر کے سپیشل برانچ اور انٹیلی جنس بیورو کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سوالیہ پرچوں کے تمام لفافوں پر چھیڑ چھاڑ/وقت سے پہلے اشاعت سے بچنے کے لئے لفافوں کے چاروں اطراف پر سسٹم سے جڑا ہوا خفیہ کوڈ لگانے اور متعین وقت کے علاوہ سسٹم سے سکین کئے بغیر نہ کھل سکنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہر امتحانی سنٹر کے تمام سوالیہ پرچوں پر ایک مخصوص خفیہ کوڈ لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ لیکیج اور قبل از وقت افشا کی صورت میں افشا کرنے والے کو گرفتار کروایا جا سکے اور تادیبی کارروائی کی جا سکے، انہوں نے کہا ہر امتحانی سنٹر کے لئے ایک آئی ٹی کلرک تقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جو بچوں اور عملے کی بروقت حاضری بورڈ کو آن لائن کرنے میں ریذیڈنٹ انسپکٹر کی معاونت کرے گا مگر اسے دیگر امتحانی عملے یا امیدواران سے براہ راست رابطے کی اجازت ہرگز نہ ہو گی، انہوں نے کہا تمام چھ اضلاع میں مانیٹرنگ کو مثر بنانے کے لئے الگ الگ چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دینے، ان کے ضلعی لیڈر مقرر کرنے اور ان کو گاڑیاں مہیا کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا امتحانی عملے کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لئے اور وقتا فوقتا ہدایات دینے کے لئے الگ الگ وٹس ایپ گروپ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے،
امتحانی عملے کو کسی بھی غیر پیشہ ورانہ عمل سے دور رکھنے کے لئے ان پر مسلسل نظر رکھنے کے لئے سپیشل برانچ اور خفیہ اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، کنٹرولر امتحانات کا کہنا تھا کہ ہم بورڈ کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اور تحصیل، ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کے تعاون سے بوٹی اور نقل مافیا کو ختم کر کے دم لیں گے۔