اسلام آباد(کامرس ڈیسک )ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 9.29 فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ صرف 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔۔
ہفتہ وار بنیادوں پر بعض اشیا کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی بھی دیکھی گئی، آلو 30.65 فیصد، دال چنا 17.86 فیصد، چینی 17.60 فیصد، چکن 15.65 فیصد، نمک پاڈر 14.09 فیصد، دال مسور 13.02 فیصد، انڈے 9.66 فیصد اور دال مونگ 6.25 فیصد سستی ہوئی ہیں۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پیاز 10.1 اور مرغی 9.19 فیصد مہنگی ہوئی جب کہ دال چنا 2.4 فیصد، گھی اور آٹا سمیت کئی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر 6.82 فیصد سستے ہوئے، ایل پی جی، چینی، انڈے اور آلو بھی سستے ہوئے۔ دوسری جانب گزشتہ ہفتے ٹماٹر 6.82 فیصد، ایل پی جی 1.90 فیصد، ڈیزل 1.66 فیصد، پٹرول 0.63 فیصد، کیلے 1.20 فیصد، چینی 0.51 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 0.29 فیصد سستی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 178.03 فیصد، پیاز میں 84.65 فیصد، گندم کے آٹے میں 80.02 فیصد، ایل پی جی میں 53.83 فیصد، ڈیزل میں 34.44 فیصد اور پٹرول میں 25.97 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح مرچ پاڈر 16.37 فیصد، مٹن 16.12 فیصد، کیلے 15.11 فیصد، بیف 13.81 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 9.37 فیصد مہنگی ہوئی۔