اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کے باعث متعدد اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 27 اشیائ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح میں 0.91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 9.05 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 6 اشیائ کی قیمتوں میں کمی جبکہ 18 اشیائ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں پیاز کی قیمت میں 7.62 فیصد، ڈیزل میں 4.17 فیصد، انڈوں میں 3.16 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 2.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح آٹے کی قیمت میں 2 فیصد، آلو میں 1.93 فیصد جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 1.90 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 228.71 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیاز 95.36 فیصد، آٹا 78.65 فیصد اور ایل پی جی 51.76 فیصد مہنگی ہوئی۔
سالانہ بنیادوں پر ڈیزل کی قیمت میں 37.42 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 23.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 22.96 فیصد، چکن میں 11.20 فیصد اور بجلی کے سہ ماہی چارجز میں 9.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر آلو کی قیمت میں 30.89 فیصد، چنے کی دال میں 19.89 فیصد، چکن میں 19.56 فیصد، چینی میں 17.48 فیصد، انڈوں میں 8.38 فیصد اور مونگ کی دال میں 7.38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی