مرغی کے گوشت

مرغی کے سرکاری نرخ نظر انداز، شہری من مانی قیمتوں سے پریشان

لاہور (کامرس ڈیسک) لاہورمیں برائلر گوشت سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود مہنگے داموں فروخت ہونے پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 446 روپے فی کلوگرام مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں اس پرعملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے، مختلف علاقوں میں سرکاری قیمت نظر انداز کرتے ہوئے برائلر گوشت 550 روپے فی کلوگرام تک فروخت کیاجارہاہے۔

شہریوں کااس حوالے سے کہنا ہے کہ بعض دکانوں پرصافی گوشت کے نام پر اضافی قیمت وصول کی جا رہی ہے، جس سے صارفین پر مزید مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ من مانی قیموں کی وصولی کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے کے باعث دکاندار کھلے عام من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔

دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں استحکام برقرار ہے، تاہم مہنگائی اورشہریوں کی تیزی سے کم ہوتی قوتِ خرید کے باعث عوام کے لیے بنیادی غذائی اشیا کی خریداری دن بدن مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں