اسلام آباد (کامرس ڈیسک)عالمی سطح پر توانائی کے وسیع بحران کے باوجود پاکستان میں ایندھن، بجلی اور ضروری اشیا کی فراہمی مستحکم ہے۔میڈیارپورٹ کےمطابق حکومت پاکستان نے بہتر منصوبہ بندی سے ایندھن کے 4 ہفتوں کے ذخائر برقرار رکھتے ہوئے سپلائی کا تسلسل یقینی بنایا ہے۔ اس سلسلے میں توانائی اور سپلائی امور میں بہتر رابطہ کاری کے لئے قومی رابطہ و انتظامی کونسل بھی تشکیل دی گئی ہے۔
اسی طرح تیل، اشیائے ضروریہ، زرمبادلہ اور سپلائی چین کی نگرانی کےلئے ریئل ٹائم ڈیش بورڈز متعارف کرائے گئے ہیں۔ حکومت نے تیل کی قیمتوں، سپلائی میں رکاوٹوں اور مہنگائی کے خدشات سے نمٹنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کا نظام اپنایا ہے۔
حکومتی اقدامات سے قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ روکا گیا جبکہ ایندھن، بجلی اور ضروری اشیا کی فراہمی جاری رہی ہے۔ توانائی اور سپلائی انتظامات میں بہتری سے عوام اور صنعتوں کو ریلیف ملنے کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہا ہے۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ موثرحکومتی انتظامات سے ملک کو عالمی توانائی بحران کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد ملی ہے۔