لاہور( کامرس رپورٹر)تندور مالکان نے روٹی اور نان کی قیمت بڑھانے کے لئے ڈپٹی کمشنر کو باضابطہ درخواست دیدی ۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاہور کے نام ارسال کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چند ہفتوں میں لاہور سمیت پورے پاکستان میں آٹے اور فائن کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے ۔
تندور مالکان کو سرکاری ریٹ والا آٹا نہیں مل رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں15 کلو والا آٹا کا تھیلا 1900 روپے جبکہ فائن کی 80 کلو والی بوری کا ریٹ 10ہزار500روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ اندیشہ ہے کہ قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں روٹی 14 اور نان 24 میں فروخت کرنا نا ممکن ہو چکا ہے ۔ ۔ فائن اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے نان کا ریٹ 35 اور روٹی 25 روپے کرنے کی اجازت دی جائے۔









