لاہور (کامرس ڈیسک)چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہو میاں خرم الیاس نے وفاقی کابینہ کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میںساڑھے سات روپے فی یونٹ اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی7.50روپے فی یونٹ مہنگی کرنے سے عوام پر3495ارب کا بوجھ پڑے گا،یہ اضافہ کمرشل صارفین پر بھی کیا گیا ہے ۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین سہیل اکبر،احسن منیر چاولہ وائس چیئرمین کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے فی یونٹ میں7.50روپے اضافہ کے بعد ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میںاضافوں اور سیلز ٹیکس اور مختلف حکومتی ٹیکسوں کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صنعتی ترقی کیلئے نقصان دہ ہے مہنگی بجلی و گیس سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء مہنگی ہورہی ہیں اور مہنگی اشیاء کے باعث بیرون ملک ملکی مصنوعات کی مانگ میں کمی کے باعث برآمدات کمی کا شکار ہونگے جس سے حکومتی برآمدی اہداف پورے نہیں ہونگے، برآمدات کم ہونے سے حکومتی زرمبادلہ ذخائر بھی کمی کا شکار ہونے سے حکومتی مشکلات میں اضافہ ہوگا ۔
میاں خرم الیاس نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں غیر معمولی اضافوں سے صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی اور اس کے براہ راست منفی اثرات ہماری برآمدات پر پڑیں گے جو بین الاقوامی منڈیوں میں مقابلے کی صلاحیت سے پہلے ہی محروم ہوتی جارہی ہے ۔ٹیکسٹائل کے شعبے میں عالمی تجارت میں پاکستان کا حصہ2.2فیصد تک کم ہوگیا اور پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش ،بھارت ،ویت نام نے لے لی ہے ناساز گار حالات کے باعث 50فیصد پیداوار گھٹ گئی اور مزید25فیصد صنعتیں بند ہونے کے قریب ہیں ۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافوں کے ساتھ ساتھ ماہانہ ، سہہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ ظالمانہ فیصلہ ہے بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث بجلی کے بل ادا کرنا صنعتی شعبہ کیلئے مشکل ہوتک جارہا ہے بجلی استعمال کے ایک ماہ اور تین ماہ بعد ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ ،سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ یکسر ختم کیا جائے ۔اس سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے اور ہوشربا بلوں کی عدم ادائیگی پر متعدد صنعتوں کے کنکشن کاٹ دیئے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پانی سے بجلی کی پیداوار میں لاکھوں یونٹ اضافہ ہوا ہے اس اضافی بجلی یونٹس کا ریلیف صنعتی شعبہ اور عوام کو بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو دیا جائے ۔









