فصلوں

اہم فصلوں کے معیاری بیجوں کیلئے جامع بزنس پلان تیار کیے جا رہے ہیں’ نوید شہزاد مرزا

لاہور( نیوز ڈیسک)پنجاب سیڈ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر نوید شہزاد مرزا نے کہا ہے کہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور معیاری بیجوں کی فراہمی کے لیے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہیں،وزیر زراعت و چیئر مین بورڈ سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایات کی روشنی میں گندم سمیت تمام اہم فصلوں کے معیاری بیجوں کے فروغ کے لیے جامع بزنس پلان تیار کیے جا رہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ ہونے والے بورڈ اجلاس میں ادارے کی استعداد کار میں اضافے، جدید انتظامی اصلاحات اور پیداواری صلاحیت بہتر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا،ان فیصلوں پر مرحلہ وار عملدرآمد کے ذریعے ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبہ بندی کے ذریعے زرعی شعبے میں اپنا موثرکردار مزید مضبوط بنائیں گے ۔ادارہ کسانوں کو معیاری بیجوں کی بروقت فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنائے ہوئے ہے اورآئندہ بورڈ اجلاس میں تمام فصلوں کے بیجوں سے متعلق تفصیلی منصوبہ پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کو جدید، فعال اور خود کفیل ادارہ بنایا جائے گا۔ادارے کے افسران اور ملازمین دیانت داری اور محنت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں،آئندہ دنوں میں ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری سامنے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک کے ذریعے پنجاب سیڈ کارپوریشن کو مزید مستحکم اور موثر ادارہ اوروزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق کسان دوست اقدامات کو ہر سطح پر کامیاب بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں